پٹنہ،26فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوپی انتخابات کے پیش نظر ”گنگا میا“کی بحث ایک بار پھرلیڈران کی زبان پر چڑھنے لگی ہے،ابھی پچھلے دنوں جب نریندر مودی نے فتح پور میں ایک ریلی میں کہا تھا کہ یوپی میں بجلی نہیں آتی تو جوابی حملہ کرتے ہوئے ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ان سے سوالیہ لہجے میں پوچھا تھا کہ آپ تو گنگا میا کے بیٹے ہیں تو انہیں کی قسم کھا کر بتائیے کہ کیا بنارس میں 24گھنٹے بجلی نہیں رہتی۔نریندر مودی بنارس پارلیمانی سیٹ سے ہی لوک سبھا رکن ہیں۔گنگا میا کی بحث کرنے والے لیڈروں کی تازہ کڑی میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کا نام جڑ گیا ہے۔نوٹ بندی کی حمایت کرنے والے نتیش کمار نے ہفتہ کو پٹنہ میں پی ایم مودی پر خاص انداز میں چٹکی لیتے ہوئے کہاکہ پی ایم کا کہنا ہے کہ، ماں گنگا نے بلایا ہے، لیکن ہم بنارس گئے تو لوگ کہہ رہے تھے کہ گنگا ماں تلاش کر رہی تھی، کہاں گیا میرا بیٹا۔دراصل نتیش کمار گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں پی ایم مودی کے بیان کے پس منظر میں اپنی بات کہہ رہے تھے۔دراصل اس دوران ٹی وی اشتہارات اور بنارس کی ریلی میں پی ایم مودی نے کہا تھاکہ میں یہاں آیا نہیں ہوں بلکہ مجھے تو ماں گنگا نے بلایا ہے۔نتیش کمار نے ہفتہ کو پٹنہ میں گنگا کی اورلتا سے منسلک ایک پروگرام کے دوران یہ بات کہی۔پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلی نے کہا کہ گنگا کی صورت حال کو دیکھ کر رونا آتا ہے۔اس معاملے پر آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو نے بھی کچھ دن پہلے پی ایم مودی پر نشانہ سادھا تھا۔اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ مودی نے کہا کہ ہم کو گنگا ماں نے بلایا تھا،گنگا ماں کب بلاتی ہیں۔نتیش کمار نے اپنا بیان گنگا سے منسلک پروگرام میں دیا،اس کے ساتھ ہی گنگا دریا میں پانی کا بہاؤ گھٹنے اور فرککا ڈیم کے سبب دریا میں بڑھتی گندگی پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ فرککا ڈیم کے سبب ریاست میں ہر سال سیلاب آ رہا ہے۔